مریم نور نے ملائیشیا میں اپنے گم ہو جانے کی کہانی سنا دی

مریم نور نے ملائیشیا میں اپنے گم ہو جانے کی کہانی سنا دی

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ مریم نور نے ملائیشیا میں سیر سپاٹے کے دوران گم ہونے جانے کی کہانی سنا دی۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نور نے کہا کہ میں ایک بار سیاحت پر ملائیشیا گئی اور وہاں گم ہوگئی تھی، اس سے پہلے فیملی کے ساتھ جا چکی تھی لیکن شوق ہوا کہ اکیلے جاؤں۔

مریم نور نے بتایا کہ میں نے میپ (نقشہ) کے ذریعے جگہوں کا انتخاب کیا اور جب سفر پر نکلی تو ہوٹل کا کارڈ، پاسپورٹ، موبائل فون و دیگر دستاویزارت کمرے میں چھوڑ دیں، جب سیر کر چکی تو ہوٹل واپس جانے کا راستہ بھول گئی۔

اداکارہ کے مطابق میں گھنٹوں ٹیکسی میں یہاں وہاں گھومتی رہی کیوں کہ مجھے ہوٹل کا نام تک یاد نہیں تھا، ایک تو میں پریشان اور دوسرا ٹیکسی کا کرایہ بڑھ رہا تھا، میں نے ڈرائیور کو ہوٹل کے آس پاس کے علاقے کے بارے میں بتایا اور تب جا کر چار گھنٹے بعد اپنی منزل تک پہنچی۔

انہوں نے بتایا کہ اُس ٹرپ کے بعد میں نے سیکھا کہ باہر جاتے وقت کیا کیا چیزیں ساتھ رکھنی چاہیے، اس کے بعد مجھ میں اعتماد آگیا تھا کہ کب، کہاں اور کیسے جانا ہے، اس سفر کے بعد میں بہت دفعہ بیرون ملک گئی لیکن کبھی ایسا مسئلہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ زندگی میں کچھ بُرا ہونے کے بعد آپ سیکھتے ہیں اور ایسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

مریم نور نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘ میں زونی کا کردار بنھا چکی ہیں جس کی دیگر کاسٹ میں سمیع خان، علیزے شاہ، خالد انعم، صبا فیصل، عالیہ علی ودیگر شامل تھے۔