کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب رات گئے پولیس مقابلے میں 4 زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا جو موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے ارکان ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سپر ہائی وے کے قریب دلدار عمرانی گوٹھ میں مقابلہ ہوا جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں بلال، طارق، ممتاز اور خالد زخمی ہوئے جب کہ آصف رزاق اور عامر کو فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔ تمامل ملزمان کی شناخت ہوگئی جن کا تعلق موٹر سائیکل لفٹر گروہ سے ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے اور ان کی نشاندہی پر جائے پناہ پر چھپائی گئی 12 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ چوری شدہ موٹر سائیکلیں سندھ اور بلوچستان میں فروخت کرتا تھا اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔