اسلام آباد: وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد عام انتخابات آئین کے تحت 90 روز میں کروانے کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست بار ایسو سی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو 90 روز میں انتخابات کروانے کی ہدایت دی جائے اور حلقہ بندیوں و دیگر اسباب سے 90 روز سے زیادہ تاخیر کا شکار نہ ہونے کی ہدایت کی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ 5 اگست کو مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے کیے گئے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں، مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل آئین کے مطابق نہیں اور کونسل کا کورم بھی پورا نہیں۔
بار ایسو سی ایشن نے کہا کہ کونسل کی تشکیل اور کورم پورا نہیں تو کیسے اس کے فیصلوں پر عمل در آمد کیا جا سکتا ہے؟ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ کو کونسل اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دو صوبوں کے وزیر اعلیٰ کی کونسل اجلاس میں عدم شمولیت سے فیصلوں کی آئینی حیثیت نہیں، 90 دنوں میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
بار ایسوسی ایشن نے درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، مشترکہ مفادات کونسل اور چاروں صوبوں کو فریق بنایا ہے۔