زرین خان طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال منتقل

زرین خان

ممبئی: بالی وڈ میں ’باربی ڈول‘ کترینہ کیف کی ہمشکل قرار دی جانے والی نامور اداکارہ زرین خان دینگی بخار میں مبتلا ہونے کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج رہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق زرین خان کو چند روز قبل دینگی بخار میں مبتلا ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیرِ علاج رہیں اور اب ڈسچارج ہوکر گھر لوٹ آئی ہیں۔

زرین خان نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اسپتال سے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں اداکارہ کے سیدھے ہاتھ پر کینولا لگا ہوا تھا۔ بعدازاں انہوں نے ایک جوس کی بھی تصویر پوسٹ کی تھی۔

اب فنکارہ نے انسٹاگرام پر لائیو چیٹ کرتے ہوئے مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے اور اپنی صحت کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔

ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے زرین خان نے بتایا کہ آج ہی اسپتال سے گھر لوٹی ہوں مجھے دینگی بخار ہوگیا تھا، اس وقت طبیعت تو ٹھیک ہے لیکن بہت کمزوری محسوس کر رہی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں کو نہیں معلوم ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ پچھلے ہفتے مجھے بخار ہوا تھا، میں نے بہت مشکل وقت گزارا کیونکہ دینگی میں سر سے پاؤں تک جسم میں اس قدر شدید درد اُٹھتا ہے جیسے کوئی ہڈیوں کے ٹکڑے کر رہا ہو۔ انہوں نے صحت یابی کیلیے دعائیں اور اپنا پیار بھیجنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

زرین خان کو بالی وڈ میں کترینہ کیف کی ہمشکل کہا جاتا ہے۔ اداکارہ نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ریڈ اِٹ پر صارف کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ فلم انڈسٹری میں مجھے کترینہ کیف کی ہمشکل قرار دیا جاتا تھا جو شروع میں تو اچھا لگا لیکن بعد میں اس سے میرا کیریئر تباہ ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود کتریہ کیف کو بہت پسند کرتی ہوں، وہ سچ میں بہت خوبصورت ہیں لیکن ان سے موازنہ کیے جانے کی وجہ سے مجھے انڈسٹری نے اپنی انفرادی پہچان بنانے کا نہیں دیا۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ بالی وڈ کے ابتدائی سالوں میں، میں ایک یقیم بچے کی طرح اکیلی تھی کیونکہ میرا تعلق کسی فلمی خاندان سے نہیں تھا۔

زرین خان نے سُپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’ویر‘ (2010) سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا بعد میں وہ ’ہاؤس فل 2‘ (2012) اور ’ہیٹ اسٹوری 3‘ (2015) میں نظر آئیں۔ انہوں نے پنجابی، تیلگو اور تامل فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔