ممبئی: بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شمار دپیکا پڈوکون نے خود کو 12ویں پاس تسلیم کر کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
دپیکا پڈوکون نے 2017 میں ہیما مالنی کی سوانح عمری پر لکھی کتاب ’بیونڈ دی ڈریم گرل‘ کی تقریب رونمائی میں گفتگو کے دوران اپنی کامیاب زندگی کا راز اور تعلیمی قابلیت کے بارے میں بتایا تھا۔
متعلقہ: دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کے مداحوں میں لفظی جنگ چھڑ گئی
اداکارہ کا کہنا تھا کہ زندگی میں بہت قربانیاں دینی پڑتی ہیں اور اسی وجہ سے میں کبھی کالج نہ جا سکی، میں اُس وقت ایک ماڈل کے طور پر کامیابی کی سیڑھیاں چڑھ رہی تھی جس کے باعث تعلیم کو جاری نہ رکھ سکی۔
’میں نے ایسے وقت میں 11ویں اور 12ویں جماعت کے امتحابات پاس کیے جب میں نامور ماڈل تھی۔ مجھے کام کے حوالے سے کبھی ممبئی تو کبھی دہلی سفر کرنا پڑتا تھا۔ اس دوران میں نے بہت کوشش کی کہ تعلیم بھی جاری رکھ سکوں۔‘
اداکارہ کا کہنا تھا کہ والدین بھی یہی چاہتے تھے کہ میں عارضی طور پر ماڈلنگ چھوڑ کر اپنی پڑھائی مکمل کر لوں، میں نے کالج میں داخلہ لے کر ڈگری مکمل کرنے کی کوشش کی لیکن مجھ سے نہ ہو سکا لہٰذا اب تک میں صرف 12ویں پاس ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا آیا جب والدین کو یقین ہوگیا کہ میں ماڈلنگ کے بارے می کتنی پُرجوش ہوں، ان کے تعاون کے بغیر میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی تھی۔
بالی وڈ میں قدم رکھنے سے قبل دپیکا پڈوکون معروف اداکار انوپم کھیر کی اسکول میں طالب علم رہیں۔ اداکارہ نے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں جلوہ گر ہونے سے قبل اسکول سے ڈپلومہ مکمل کیا۔
دپیکا پڈوکون حال ہی میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’پٹھان‘ میں نظر آئیں اور آئندہ وہ ساؤتھ انڈین اداکار پربھاس کے ساتھ ’پروجیکٹ کے‘ میں جلوہ گر ہوں گی۔