الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے بھر میں نئی حلقہ بندیوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کرنے کا اعلان کے بعد الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے بھر میں نئی حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام اضلاع کے الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے ضلع الیکشن کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ سے مواد، شماریاتی بلاکس اور نقشے حاصل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔
اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے کے تناظر میں حلقہ بندیوں پر کام کی تیاری شروع کی جائے اور حالیہ منظور شدہ مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کی مشق کی تیاری مکمل کی جائے۔
واضح رہے کہ سی ای سی سے منظور شدہ مردم شماری کے نتائج کے بعد گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات 90 دن کے اندر نہیں ہو سکتے۔
الیکشن کمیشن کے جاری بیان میں کہا گیاتھا کہ ادارے پر لازم ہے کہ وہ نئی حلقہ بندیاں کرے جس کی 14 دسمبر کو حتمی اشاعت کی جائے گی۔
’انتخابات 90 دن میں نہیں ہو سکتے‘؛ الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان
دوسری جانب پی ٹی آئی نے الیکشن کے التوا کو مسترد کر دیا تھا جب کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کی جانب سے بھی بروقت الیکشن کرانے کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔