بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار چنکی پانڈے کی صاحبزادی و اداکارہ اننیا پانڈے نے فلم ’لائگر‘ کی ناکامی پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اننیا پانڈے کا کہنا ہے کہ ’لائگر‘ کی ناکامی کو انہوں نے خود پر حاوی نہیں ہونے دیا بلکہ اپنی دیگر فلموں کے لیے مزید محنت کی ہے۔
لائگر میں اننیا پانڈے اور وجے دیوراکونڈا نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور فلم کی بڑے پیمانے پر تشہیر بھی کی گئی لیکن فلم باکس آفس پر صرف 20 کروڑ کمائی کرسکی۔
انہوں نے کہا کہ ناکامی پر میرے خیال میں پہلے آپ کو اپنی آواز سننی چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ آپ کے فیصلے میں کیا غلط تھا، آپ کو ہر پہلو کو دیکھنا ہوگا، فلم میں کیا غلط تھا، کیا میں نے کچھ غلط کیا۔‘
اننیا پانڈے نے کہا کہ ایک اداکار کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی فلم کی خراب کارکردگی پر خود کو مورد الزام نہ ٹھہرائے۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم کی ناکامی کی کوئی بھی وجہ ہوسکتی ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ایک اچھی فلم ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالے گی۔
واضح رہے کہ چنکی پانڈے نے ’لائگر‘ میں بھی اننیا پانڈے کے والد کا کردار نبھایا تھا جبکہ دیگر کاسٹ میں رونیت رائے، مکرند دیش پانڈے رمیشا کرشنن ودیگر شامل تھے۔
اننیا پانڈے ’ڈریم گرل ٹو‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جس کی کاسٹ میں ایوشمان کھرانا، انو کپور ودیگر شامل ہیں جبکہ فلم 25 اگست کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔