فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے بلوں سے ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے۔
عابد شیر علی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بجلی کے بلوں سے عوام کی پریشانی کا اندازہ ہے، لوگ قرض لے کر اور زیور بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں۔
سابق وزیر مملکت نے کہا کہ سب سے بڑے ڈاکو واپڈا کے افسران ہیں اور جنہوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ان کو راہ فرار دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ڈالر 316 روپے کا ہو چکا ہے اور کسی چیز کی قیمت میں کمی ہی نہیں آ رہی، غریب 60 روپے یونٹ ادا نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو پنکھے چلانے والے کو 35 ہزار کا بل آگیا، حکومت بجلی کے بلوں میں ٹیکس فوری واپس لیں۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائے گی۔ ساتھ ہی صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
انوار الحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔