ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ ملائکہ اروڑا اور ان کے بوائے فرینڈ اداکار ارجن کپور کے درمیان بریک اپ (علیحدگی) کی خبریں دم توڑ گئیں۔
پچھلے کچھ دونوں سے بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ارجن کپور نے ملائکہ اروڑا سے علیحدگی اختیار کر کے اداکارہ و سوشل میڈیا انفلوئنسر کوشا کپیلا کے ساتھ تعلقات قائم کیے ہیں۔
اگرچہ ان خبروں پر جوڑے کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا لیکن حال میں دونوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے تمام خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
جوڑے نے آج ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ساتھ کھانا کھایا اور گفتگو کی، بعدازاں انہیں باہر آتے ہوئے دیکھا گیا۔ بظاہر وہ پہلے کی طرح ایک دوسرے سے کافی خوش نظر آئے۔
یاد رہے کہ اداکارہ کی شادی سُپر اسٹار سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے 1998 میں ہوئی تھی جبکہ 2017 میں دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد اداکارہ اور ارجن کپور میں قربتیں بڑھ گئیں جبکہ ارباز خان نے اطالوی ماڈل و اداکارہ سے تعلقات قائم کیے۔
گزشتہ روز اداکارہ و سوشل میڈیا انفلوئنسر کوشا کپیلا ارجن کپور کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ اپنے بارے میں اتنی بکواس پڑھ کر مجھے اپنا خود تعارف کروانا پڑے گا۔
کوشا کپیلا نے مزید لکھا کہ ہر وقت میں اپنے بارے میں اس قسم کی باتیں پڑھتی ہوں، دعا کرتی ہوں کہ یہ سب میری والدہ نہ پڑھ لے کیونکہ انہیں بہت ٹھیس پہنچے گی۔