اسلام آباد : خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 2دن جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی خصوصی عدالت میں ان کیمرہ سماعت ہوئی، خصوصی عدالت کےجج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔
شاہ محمود قریشی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا ،عدالت میں ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اور پی ٹی آئی وکلابابراعوان اور شعیب شاہین موجود تھے۔
عدالت سے ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگ لیا ،اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارنقوی نے شاہ محمود قریشی کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
جس پر خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا ، بعد ازاں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو 2دن جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔