اسلام آباد: نیپرا نے بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کردیا، ڈسکوز کی کارکرد گی جانچنے کے لیے سماعت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی قیمت تاریخی بلندی پر ہے مگر اس کے باوجود اکثر شہروں میں لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے، عوام بجلی کے بلوں اور لوڈ شیڈنگ دنوں سے تنگ آکر شدید احتجاج کررہے ہیں، نیپرا کی جانب سے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیپرا نے ڈسکوز کی کارکرد گی جانچنے کے لیے سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیپرا نے ڈسکوز سے 15 روز میں کارکردگی میں بہتری کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
اپنے بیان میں نیپرا کا کہنا تھا کہ بجلی چوری روکنے اور لائن لاسز میں کمی کے سلسلے میں کوششیں مزید تیز کی جائیں۔
نیپرا نے بتایا کہ ڈسکوز کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے سماعت3 ہفتے بعد ہوگی، اس سے قبل نیپرا میں سماعت کے دوران ملک میں کوئلے کی موجودگی کے باوجود بھی گرمیوں میں سستی بجلی نہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔
تکنیکی مسائل کے باعث گزشتہ پانچ سال سے مہنگے پاور پلانٹس چلائے جانے پر نیپرا نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست مسترد کر دی تھی۔