ملتان: نیپال کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ اچھا اور دیکھنے والا ہوگا، ہم نے آج کے میچ میں کراؤڈ کو بہت انجوائے کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپال کرکٹ ٹیم کے کوچ مونٹی دیسائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان انڈیا کے بڑے معرکے کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا، انھوں نے کہا کہ روایتی حریفوں کے درمیان دیکھنے والا مقابلہ ہوگا، یہ ایک اچھا میچ ہوگا۔
مونٹی دیسائی نے کہا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے، میں آج کے میچ میں گراؤنڈ میں آنے والے شائقین کے جوش و جذبے سے کافی لطف اندوز ہوا۔
نیپالی کوچ کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی آج ورلڈ کلاس بولرز کا سامنا کر رہے تھے، ہمارے کھلاڑیوں نے میچ بہت اچھے طریقے سے شروع کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہماری فیلڈنگ بہتر نہیں تھی، اسے بہتر بنانا ہوگا، بابر اور افتخار کی پارٹنر شپ بہت اچھی رہی، نیپال نے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا، آگے بہتر کھیلنے کی کوشش کریں گے۔