راولپنڈی میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنیوالے میاں بیوی کی ضمانت منظور

راولپنڈی گھریلو ملازمہ

راولپنڈی میں کمسن گھریلو ملازمہ کنزا پر تشدد کرنے والے میاں بیوی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کی ضمانت راضی نامے کی بنیاد پر منظور کی گئی ہے، واضح رہے کہ ملزمہ بختاور اور ملزم علی شیر نے 8 سالہ کنزا بی بی کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

گھریلو ملازمہ تشدد کیس کی سماعت علاقہ مجسٹریٹ مہرالنسا نے کی۔

بچی کے والد نے میاں بیوی کے خلاف تھانہ راوت میں مقدمہ درج کروایا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے والے بعد ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد چھوٹی بچی کو مار پیٹ کا نشانہ بنانے والے قانون کی گرفت میں آئے۔

سی پی او خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ میرٹ پر تفتیش کر کے ملزمان کوعدالت میں پیش کیا جائے گا، بچوں پر تشدد، زیادتی اور استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ اسی طرح کا ایک کیس سامنے آیا تھا جس میں نابالغ گھریلو ملازمہ کو وفاقی دارالحکومت میں سول جج کی رہائش گاہ پر مالکان نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

اس کے بعد جج کی اہلیہ کو ضمانت مسترد ہونے کے بعد پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔