اسلام آباد : پاکستان ریلوے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر ایک بار پھر کرایوں میں اضافہ کردیا ہے، اضافے کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد محکمہ ریلوے نے بھی ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔
کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے کرائے میں 5 فیصد اضافہ کردیا ہے ، کرایوں میں اضافے کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کرائے میں اضافے کا اطلاق تمام مسافراورمال گاڑیوں پر ہوگا۔
گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 14 روپے 91 پیسےجس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 305 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہو گی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔