جنوبی افریقا کے سابق جارح مزاج بیٹسمین اور تھری سکسٹی کی عرفیت سے مشہور اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ بھات میچ جیتنا چاہتا ہے تو اسے بابر اعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔
یوں تو بابر اعظم کی دنیا معترف ہے اور انھیں تینوں فارمیٹ کا بہترین بیٹر بھی تصور کیا جاتا ہے، مگر اس عہد کے بڑے بیٹرز میں سے ایک جنوبی افریقی بیٹر ابراہم ڈی ویلیئرز نے بھی پاکستانی کپتان کو روایتی حریف کے لیے مشکل کھڑی کرنے والا کھلاڑی کہا ہے۔
لیجنڈ نے بابراعظم کو دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے انھیں کافی سراہا ہے، ان کے مطابق بابر اعظم لاجواب کھلاڑی ہیں۔
بھارت کو مشورہے سے نوازتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ پاکستان کو ہرانے کا بھارت کے پاس یہی راستہ ہے کہ ورلڈ کلاس بیٹر پر قابو پایا جائے، انھیں بابر اعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا، پاکستانی کپتان پوری بیٹنگ لائن اپ کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔‘
اے بی ڈی ویلیئرز کا یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’بابر اعظم کے بارے میں بات کرنا اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ ان بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہیں ہم نے کرکٹ کھیلتے دیکھا ہے۔‘
دھواں دھار بیٹنگ کے لیے مشہور اے بی نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہماری پہلی ملاقات میں بابر بہت چھوٹے تھے، وہ مداح کی حیثیت سے ملنے آئے تھے تاہم انھیں دیکھ کر میں نے اندازہ لگا لیا تھا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی بننے والے ہیں۔‘