اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالات پُرامن ہیں وہاں فوج تعینات نہیں کی گئی۔
تفصیلات کے مطاق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جاری کردہ ٹوئٹ میں لکھا کہ محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کے مطابق وہاں صورتحال مکمل طور پر پُرامن ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق خبریں اور قیاس آرائیاں مکمل طورپر بے بنیاد ہیں، پاک فوج کی خدمات چہلم امام حسینؓ کے موقع پر طلب کی گئیں ہیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں تمام سڑکیں، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں، چہلم کے موقع پر سخت سیکیورٹی اور صورتحال کے پیش نظر گلگت میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے مزید لکھا کہ سول آرمڈ فورسز کی خدمات چہلم کے موقع پر امن وامان برقرار رکھنے کیلئے طلب کی گئی، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔