نگراں وزیراعظم کے انٹرویو پر پی ٹی آئی کا ردعمل

لاہور: نگراں وزیراعظم انوالحق کاکڑ کے ٹی وی انٹرویو پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا کہ نگراں وزیراعظم کا 9 مئی واقعات کے تناظر میں بیان حیران کن اور باعث تشویش ہے۔

ترجمان کے مطابق نگراں وزیراعظم بادی النظر میں ابتک آئین اور اپنے مینڈیٹ کو سمجھنے سے قاصر ہیں، انوارالحق کاکڑ کی 90 روز میں شفاف انتخابات کے انعقاد کی واحد ذمہ داری ہے لیکن وہ انتخابات کے سوا ہر موضوع پر لب کشائی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

میرے گمان میں بھی نہیں تھا نگران وزیراعظم بن جاؤں گا، انوار الحق کاکڑ

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ ملک حکومتی سطح پر ناقص، گمراہ کن بیانیوں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، یہ تمام بیانیے 9 مئی واقعات کے حقائق چھپانے کی ایک کوشش لگتی ہے جنہیں قوم تسلیم نہیں کررہی۔

 ترجمان نے مزید کہا کہ قوم 9 مئی واقعات کی غیر جانبدارانہ اور اعلیٰ سطح عدالتی تحقیقات کی منتظر ہے، نگراں وزیراعظم کے پاس قابلِ اعتبار شواہد ہیں تو وہ قوم کے سامنے رکھیں۔