پشاور: جماعت اسلامی نے 18ستمبر سے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنےکا اعلان کر دیا۔
امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسرابراہیم نے کہا کہ بجلی کے مہنگے بلوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ابدترمعاشی صورتحال پر گورنرہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام کو لوٹا جا رہا ہے کےپی میں فیول سے بجلی کی پروڈکشن نہیں ہوتی، حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کیخلاف مقدمات اور گرفتاریاں روکی جائیں اگر جیل بھرو تحریک شروع کی تو جیلوں میں جگہ نہیں ہوگی۔
جماعت اسلامی پاکستان نے مہنگائی کے خلاف چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ چاروں گورنر ہاوسز کے باہر دھرنا دیں گے پاکستان کے عوام اور تاجر برادری نے پُرامن اور کامیاب ہڑتال کی، ہڑتال نے پیغام دیا ہے کہ ان معاہدوں کو نہیں مانتے جو سابق حکومتوں نے کیے۔
سراج الحق نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کا نقصان عوا م کو ہو رہا ہے، معاہدوں کی تفصیل لیں گے اور اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، ہمارے پڑوسی ممالک میں بجلی پاکستان سے سستی ہے اور یہاں عوام مشکل میں مبتلا ہیں۔