اسلام آباد : سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی تعداد بڑھ کر 56 ہزار 544 ہوگئی، زیرالتوا فوجداری درخواستوں کی تعداد 9 ہزار 384 ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 31 اگست تک زیر التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کر دی ، جس میں سپریم کورٹ میں ایک ماہ کے دوران ایک ہزار 579 زیر التوا مقدمات کی تفصیلات درج ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ زیرالتوا مقدمات کی تعداد 54 ہزار 965 سےبڑھ کر 56 ہزار 544 ہوگئی جبکہ سپریم کورٹ میں زیر التواسول پٹشنز کی تعداد 30 ہزار 578 تک پہنچ گئی اور زیر التواسول اپیلوں کی تعداد9ہزار 875 ہوگئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ میں زیرالتوا فوجداری درخواستوں کی تعداد 9 ہزار 384 ہے، زیر التوانظرثانی درخواستوں کی تعداد ایک ہزار 653 ہے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں 25ازخود نوٹسز اور ایک ریفرنس بھی زیر التوا ہے۔