بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے نیمچ ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر جہیز کے تنازعہ پر اپنی بیوی کو کنویں میں پھینک دیا۔
شوہر نے اس خوفناک منظر کی ویڈیو بنائی اور جہیز میں 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے والدین کو ویڈیو بھیج دی۔
پولیس کے مطابق اس شخص کی شناخت راکیش کیر کے طور پر کی گئی ہے جسے متاثرہ بیوی کی شکایت پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ایک رسی کو پکڑے ہوئے ہے اور خود کو ڈوبنے سے بچانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ساتھ ہی وہ روتے ہوئے اپنی زندگی کے لیے رحم کی اپیل کر رہی ہے۔
https://twitter.com/HateDetectors/status/1700415410565456197?s=20
یہ ویڈیو بظاہر اس کے شوہر نے بنائی تھی جس نے مبینہ طور پر اسے اپنے سسرال والوں کو جہیز میں 5 لاکھ روپے دینے پر مجبور کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے مقامی پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون دو گھنٹے تک کنویں کے اندر ایک رسی سے لٹکی رہی اور پھر شوہر نے اسے نکالا، یہ واقعہ 21 اگست کو ضلع نیمچ سے 12 کلومیٹر دور جواد پولیس اسٹیشن حدود کے تحت کیرون گاؤں میں پیش آیا تھا۔
تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ان کی شادی تقریباً تین سال قبل ہوئی تھی لیکن اس کے شوہر اور سسرال والے اسے جہیز کے لیے مسلسل ہراساں کر رہے تھے۔