انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے قومی کپتان بابر اعظم کی ٹاپ پوزیشن برقرار، امام الحق، فخر زمان کی تنزلی ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے۔ بلے بازوں میں قومی کپتان بابر اعظم کی بادشاہت قائم ہے اور وہ بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں تاہم دو قومی بیٹرز کی تنزلی ہوئی ہے۔
قومی اوپنر امام الحق گزشتہ تین میچوں میں مسلسل ناکامی کے باعث پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں جب کہ آؤٹ آف فارم جارح مزاج بیٹر فخر زمان بھی 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بیٹرز رینکنگ:
آئی سی سی کی جاری کردہ بیٹرز رینکنگ کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا 863 پوائنٹس کے ساتھ پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ دوسرے نمبر پر بھارتی اوپنر شبھمن گل 759 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔
رینکنگ میں جنوبی افریقا کے رسی وین ڈر ڈوسن تیسرے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ان کیے لیے پاکستانی اوپنر امام الحق کو جگہ خالی کرنا پڑی جو ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے جب کہ بھارت کے ویرات کوہلی نے ایک درجہ تنزلی کے بعد 8 ویں پوزیشن سنبھالی ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما کی ترقی ہوئی اور وہ دسویں سے نویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ مسلسل خراب فارم کے باعث پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نویں سے دسویں نمبر پر جا پہنچے ہیں۔
ون ڈے بولرز رینکنگ:
ٹاپ ٹین بولرز میں پاکستان کا صرف ایک بولر شامل ہے۔ اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 10 ویں نمبر پر ہیں۔ حارث رؤف نے بھارت اور نیپال کے خلاف بہترین کارکردگی دکھا کر کیریئر بیسٹ 21 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
بولرز میں ٹاپ پوزیشن پر جوش ہیزل ووڈ پہلی اور مچل اسٹاک دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں جب کہ ٹرینٹ بولٹ کی تیسری پوزیشن ہے۔
آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کا پانچواں اور افغانستان کے مجیب الرحمٰن کا چھٹا نمبر ہے۔ بھارت کے کلدیپ یادیو ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے راشد خان کی ایک درجے تنزلی 8 ویں نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی آل راؤنڈر رینکنگ:
ون ڈے آل راؤنڈرز کے ٹاپ ٹین میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ اس فہرست میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا راج برقرار ہے جب کہ دوسرے نمبر پر افغانستان کے محمد نبی ہیں۔ تیسرے نمبر پر زمبابوے کے سکندر رضا براجمان ہیں۔