مالنگا کی سری لنکن نوجوان اسپنر ’’ڈنتھ ویلالج‘‘ سے متعلق بڑی پیشگوئی

سری لنکا کے لیجنڈ سابق فاسٹ بولر لیستھ مالنگا ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارتی ٹاپ آرڈر سمیت 5 بہترین بلے بازوں کو آؤٹ کرنے والے نوجوان اسپنر ڈنتھ ویلالج کا مستقبل روشن دیکھتے ہیں۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے منگل کو کھیلے گئے اہم میچ میں سری لنکا گوکہ میچ ہار گیا لیکن نوجوان اسپنر نے اپنی جادوئی بولنگ کے ذریعے روہت شرما، شبھمن گل، ویرات کوہلی جیسے ہیوی ویٹ ٹاپ آرڈر سمیت کے ایل راہول اور ہاردیک پانڈیا کی وکٹیں اڑائیں اور بھارت کو 213 رنز تک محدود کیا۔

ڈنتھ نے صرف بولنگ میں ہی کمال نہیں دکھایا بلکہ جب سری لنکا کی بیٹنگ مشکل میں تھی تو اس وقت بھی 42 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیل کر لنکا کی نیا پار لگانے کی کوشش کی مگر دیگر بیٹرز کی جانب سے مدد نہیں ملی۔ اس کمال کی آل راؤنڈ پرفارمنس پر سری لنکا کی ناکامی کے باوجود ڈنتھ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ نوجوان اپنی اس لاجواب کارکردگی پر خود بھی مسرور ہیں۔

ڈنتھ ویلالج کی اس قابل قدر پرفارمنس سے منفرد اسٹائل کے حامل سابق لیجنڈری فاسٹ بولر لیستھ مالنگا بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ڈنتھ کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے اسے سری لنکن کرکٹ کی اگلی دہائی کا ہیرو قرار دے دیا اور کہا کہ نوجوان اگلی دہائی تک سری لنکا ون ڈے ٹیم کا اہم ترین کھلاڑی ہوگا۔

مالنگا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ نوجوان ڈنتھ کا مستقبل انتہائی روشن ہے اور بھارت کے خلاف میچ میں اس کی کارکردگی دیکھ کر لگا کہ سری لنکا آج 12 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا اور بیٹنگ کا بوجھ بھی اپنے نوجوان کاندھوں پر اٹھایا۔ گیند کے بعد بلے سے بھی اپنی کھیل کی مہارت دکھا کر آل راؤنڈر کی حیثیت سے خود کو متعارف کرایا۔

ویلالج نے بھارت کے خلاف 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جو ان کا اب تک کا بہترین بولنگ فیگر ہے۔ نوجوان اسپنر سری لنکا کی جانب سے 13 ون ڈے کھیل رکھے ہیں اور گزشتہ روز اپنی غیر معمولی پرفارمنس سے اگلے ماہ بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔

ڈنتھ ویللاج نے اس سے قبل گزشتہ سال آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں 13.58 کی اوسط سے 17 وکٹیں لے کر اپنی کلاس ظاہر کر چکے تھے۔

واضح رہے کہ مالنگا واحد سابق کرکٹر نہیں جو ویلالج کی سپر ڈوپر کارکردگی سے متاثر ہوئے بلکہ نوجوان اسپنر نے سابق بھارتی کھلاڑیوں ایشون، عرفان پٹھان اور صحافی ہرشا بھوگلے کے دل بھی جیت لیے۔