بہاولپور یونیورسٹی نازیبا ویڈیوز اسکینڈل کی تحقیقات مکمل کر کے ایچ ای سی کی کمیٹی نے رپورٹ جمع کرا دی۔
رپورٹ کے مطابق بہاولپور یونیورسٹی زیادتی، نازیبا ویڈیوز کی منظم سرگرمی کا سراغ نہیں ملا اور اس ویڈیوز کے معاملے کو سوشل میڈیا پر بڑھاچڑھا کر پیش کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بہاولپور یونیورسٹی میں منشیات اور آئس کی منظم سرگرمی کے شواہد نہیں ملے تاہم 2 سے 3 افسران انفرادی طور پر غیرقانونی سرگرمی میں ملوث پائےگئے۔
انکوائری کمیٹی نے متعلقہ افسران کیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کر دی۔ کمیٹی نےپولیس کی رپورٹ میں شائع شدہ الزامات کی جامع تحقیقات کیں،۔
کمیٹی نےبہاولپور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سے بھی تحقیقات کیں اور تحقیقاتی عمل میں کمیٹی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے افسران سے بھی ملی۔
یونیورسٹی کے انتظامی و تعلیمی معاملات میں کچھ بےضابطگیاں پائی گئی ہیں۔ کمیٹی نےبےضابطگیوں کی نشاندہی کر کے کارروائی کی سفارش کر دی۔
واضح رہے کہ ہائرایجوکیشن کمیشن نے 28جولائی کو معاملے کی تحقیقات کیلئےکمیٹی تشکیل دی تھی۔