اسٹیٹ بینک کے قیام کے75برس مکمل ہونے پر بینک دولت پاکستان کے میوزیم میں ’’حیاتِ نو: خوابوں کا نگار خانہ‘‘ کے عنوان سے مصوری کے فن پاروں کی نمائش منعقد کی گئی۔
2ہفتے جاری رہنے والی نمائش کا مقصد نوجوان مصوروں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹرعنایت حسین نے نمائش کا افتتاح کیا اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آرٹ میں نئے زمانے کی روح کو سمونے کی متاثر کن صلاحیت ہوتی ہے۔
نمائش میں مصوروں نے ثقافتی ورثے کی روح، سماجی ترقی، عوامی امنگوں کی ترجمانی کی، نمائش میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے مصوروں نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹرعنایت حسین نے نمائش میں فن پاروں کے بلند معیار کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ہم یہاں نمائش میں رکھے ہوئے مختلف فن پاروں کو دیکھیں، تو اس بات کا مشاہدہ کر سکتے ہیں کہ نوجوان فن کاروں نے کس طرح ہمارے اردگرد بدلتی ہوئی دنیا کی تصویرکشی کی ہے، اور اس پر ردعمل دیا ہے۔
ڈاکٹر عنایت حسین نے مزید کہا کہ نمائش میں میں پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل کی روح کی تصویر کشی کرتے ہوئے تنوع کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ یہاں پر جو مختلف اسٹائلز، میڈیمز اور نقطۂ نظر پیش کئے گئے ہیں، وہ اس تنوع کی عکاسی کرتے ہیں، جو ہمارے معاشرے کی قوت ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نمائش میں شرکت کرنے والے فن کاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی کہ وہ مصوری، مجسمہ سازی اور مخلوط میڈیا جیسے مختلف میڈیمز میں اپنے فن پاروں کو جمع کروائیں۔