’میں آپ کو نہیں جانتی‘ شروتی ہاسن مداح سے پریشان ہوگئیں

شروتی ہاسن

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شروتی ہاسن تصویر بنوانے کے خواہشمند مداح کے پیچھا کرنے پر پریشان ہوگئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بعد بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن دبئی سے صبح ممبئی واپس پہنچیں، ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے ایک پرستار نے ان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی۔

شروتی ایئرپورٹ پر موجود فوٹوگرافرز سے پوچھتی رہیں کہ یہ کون ہے اور یہاں کیوں کھڑا ہے؟

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شروتی ہاسن کوشش کررہی ہیں کہ جتنی جلدی ہوسکے وہ ایئرپورٹ سے باہر نکل کر گاڑی کی طرف جائیں، جبکہ وہ کار کی تلاش میں فون بھی کررہی ہیں اور اس دوران بھی مداح ان کے قریب آجاتا ہے اور تصویر لینے کی فرمائش کرتا ہے۔

شروتی ہاسن نے مداح کو کہا کہ میں آپ کو نہیں جانتی، سر آپ کون ہیں۔؟‘ وہ یہ کہہ کر گاڑی میں بیٹھ کر چلی جاتی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین شروتی ہاسن کی جانب سے مداح سے شائستگی سے گفتگو کرنے پر سراہا رہے ہیں جبکہ صارفین کی جانب سے مداح کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ شروتی ہاسن فلم ’سالار‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جس میں ان کے ہمراہ پربھاس مرکزی کردار نبھائیں گے۔

’سالار‘ رواں ماہ 28 ستمبر کو ریلیز ہونی تھی تاہم پروڈیوسرز نے دعویٰ کیا کہ اسے فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے۔