ایشیا کپ میں خراب فارم کے باعث قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان سخت تنقید کا سامنا کر رہے ہیں شاہد آفریدی نے انہیں ورلڈ کپ کے لیے مفید مشورے دیے ہیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں ںاکام رہے جس پر انہیں شائقین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی ان کی مدد کو آگے آئیں ہیں اور آل راؤنڈر کو ورلڈ کپ سے قبل فارم حاصل کرنے کے لیے اہم مشورے دیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے کرکٹ سے متعلق پروگرام میں گفتگو کرتے سابق سابق اسٹار آل راؤنڈر نے شاداب خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان ہمیشہ میرا فیورٹ رہا ہے اور اس نے ماضی میں کئی نا قابل فراموش پرفارمنس دیں اور اہم میچز اپنی بولنگ کی وجہ سے پاکستان کو جتوائے ہیں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ شاداب خان میں انہیں ہمیشہ اپنا آپ ہی نظر آیا کہ جیسا ان کا ٹیم میں کردار ہوتا تھا آل راؤنڈر کا وہی کردار شاداب کا ہے اور اس کو وہ بخوبی نبھاتے آ رہے ہیں لیکن کچھ عرصے سے ان کی پرفارمنس میں پہلے جیسی بات نہیں رہی۔
بوم بوم کرکٹ اسٹار نے کہا کہ شاداب خان کا کردار مڈل اوورز میں اہم ہوتا ہے کیونکہ بعض اوقات فاسٹ بولرز کے پرفارم نہ کرنے پر اس مرحلے پر اسپنرز پر وکٹیں لینے کی ذمے داری ہوتی ہے لیکن نائب کپتان جو ٹیم کے ستون ہیں ان کی خراب فارم کی وجہ سے ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے لیگ اسپنر آل راؤنڈر کو مشورہ دیا کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل آرام کریں اور سابق لیجنڈ اسپنر مشتاق احمد سے ملیں ان کے ساتھ 10، 12 روز کی نشست لگائیں، مشورے لیں اور ان پر عمل کریں جو ورلڈ کپ جیسے اہم ترین ایونٹ سے قبل ان کی فارم میں واپسی کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوں گی۔