کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر گرفتار

انسانی اسمگلرز

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈرکو گرفتار کر لیا۔

انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد کی شناخت نصراللہ کے نام سے ہوئی جو ٹی ٹی پی خیبر پختوںخوا کا اہم کمانڈر ہے، اسے کنواری کالونی سے گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

دہشتگرد کراچی میں ساتھیوں کو نہ صرف رہائش فراہم کرتا تھا بلکہ زخمی ساتھیوں کا علاج بھی کرواتا تھا۔ علاوہ ازیں مختلف طریقوں سے افغانستان رقم بھجواتا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے بھائی اور قریبی رشتے دار بھی دہشتگردی میں ملوث ہیں۔

رواں سال فروری میں سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم داعش کے اہم کمانڈر کو کراچی سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کی تھی۔

کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈر عبدالمالک نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے تھے۔ حکام کے مطابق ملزم 2011 سے داعش ملا عبدالمنان گروپ سے وابستہ ہے اور افغان شہریت کا حامل ہے جبکہ عرصہ دراز سے کراچی میں مقیم ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزم رمضان المبارک میں چندہ اکٹھا کرتا ہے اور جمع شدہ چندہ افغانستان میں داعش کو بھجواتا ہے، ملزم حوالہ ہنڈی کے ذریعے بھاری رقم افغانستان بھیج چکا ہے اور اس کے موبائل فون سے اہم معلومات ملی ہیں۔