ہربھجن کی انوکھی منطق، پاکستان کو فائنلسٹ ٹیموں سے باہر کردیا

ہربھجن سنگھ

سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی ہے جس میں حیران کن طور پر پاکستان شامل نہیں ہے۔

یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے ورلڈ کپ کی چار فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کی ہے جن میں آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے ورلڈ کپ میں بھی ان ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس سے ان کے دوبارہ ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ’مجھے امید ہے میگا ایونٹ میں بھارت اور آسٹریلیا کا کانٹے دار مقابلہ ہوگا اور جو بھی یہ میچ جیتے گا وہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ بن جائے گا۔

انہوں نے پاکستان سے متعلق انوکھی منطق ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان نمبر ون ڈے کی نمبر ون ٹیم ہونے کے باوجود پچاس اوور کے فارمیٹ میں اتنی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتی۔

سابق بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے لیکن ون ڈے فارمیٹ میں وہ ایک ایوریج ٹیم ہے، پاکستان ٹی ٹوینٹی کی اچھی ٹیم ہے لیکن ورلڈ کپ میں میری چوتھی فائنلسٹ ٹیم نیوزی لینڈ ہے۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ میگا ایونٹ میں میری چار فائنلسٹ ٹیمیں آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ہی ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے جس میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔