بھارت میں 5600 روپے قرض ادا نہ کرنے پر سبزی فروش کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور برہنہ کرکے پریڈ بھی کروائی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا کے ضلع گوتم بدھ نگر میں لہسن فروش آدتیہ کو قرض دینے والے کمیشن ایجنٹ سندر اور اس کے ساتھیوں نے اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ 5600 روپے قرض کی ایک قسط ادا کرنے میں ناکام رہا۔
کمیشن ایجنٹ سندر اور اس کے ساتھیوں کی سبزی فروش کو تشدد کا نشانہ بنانے اور برہنہ پریڈ کروانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سبزی فروش نے نوئیڈا سبزی منڈی کے کمیشن ایجنٹ سندر سے 5600 روپے کا قرض ایک ماہ کی مہلت پر لے رکھا تھا، لہسن فروش نے 2500 روپے کا قرض ادا کردیا تھا اور باقی رقم ادا کرنے کیلئے مزید مہلت مانگی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مہلت مانگنے پر کمیشن ایجنٹ سندر نے اپنے دو ساتھیوں کو بلا کر سبزی فروش کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے برہنہ ہونے پر زور دیتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی، ساتھ ہی سبزی مارکیٹ میں برہنہ پریڈ بھی کروائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایڈیشنل ڈی سی پی سینٹرل نوئیڈا راجیو ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ سبزی فروش کو تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث سندر اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔