لندن : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئیں، وہ وطن پہنچ کر نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز لندن میں ایون فیلڈاپارٹمنٹس سےپاکستان کیلئے روانہ ہوگئیں ، وہ لندن سے متحدہ عرب امارات کے راستہ پاکستان پہنچیں گی۔
مریم نواز پاکستان پہنچ کر نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔
یاد رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے موجودہ سیاسی و آئینی معاملات پر مشاورت کے لئے مریم نواز کو فوری لندن طلب کیا تھا، جس کے بعد وہ 21 ستمبر کو مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لندن روانہ ہوئیں تھیں۔
لندن میں مریم نواز نے پارٹی اجلاس میں شرکت کی ، جس میں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی تھی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی آمد سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔
اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے آ رہے ہیں۔