ذرائع ابلاغ پر گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ لیجنڈ کپل دیو کے اغوا کے حوالے سے خبریں گرم تھیں جس کی حقیقت اب آشکار ہوگئی ہے۔
سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کپل دیو کے اغوا کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی خیریت سے ہونے کی دعا کی تھی۔ تاہم اب ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے گوتم نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔
گوتم نے جو ویڈیو شیئر کی تھی اس میں ایک شخص کے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے بندھے ہوئے تھے اور وہ غالباً کپل دیو یا ان سے ملتی جلتی شکل کا کوئی شخص تھا جسے دو افراد زبردستی اپنے ساتھ کھینچتے ہوئے لے جا رہے تھے۔
تاہم سابق بھارتی اوپنر نے جو ویڈیو کلپ شیئر کی ہے اس واضح ہوگیا کہ کپل دیو کو کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ وہ ایک اشتہار کی شوٹنگ سے لیا گیا کلپ تھا۔
Areh @therealkapildev paaji well played! Acting ka World Cup 🏆 bhi aap hi jeetoge! Ab hamesha yaad rahega ki ICC Men's Cricket World Cup is free on @DisneyPlusHS mobile pic.twitter.com/755RVcpCgG
— Gautam Gambhir (@GautamGambhir) September 26, 2023
کپل دیو نے حال ہی میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے حوالے سے ایک مضحکہ خیز اشتہار کیا ہے۔ اپنی پوسٹ میں گوتم نے لکھا کہ ’پاجی آپ نے بہت اچھا کھیلا، ایکٹنگ کا ورلڈکپ بھی آپ ہی جیتو گے۔‘