دہلی میں چوری کی ایک عجیب واردات سامنے آئی ہے جس میں چوروں نے عمارت میں گھسنے کا فلمی طریقہ اپناتے ہوئے ایک ہی رات میں پورے شوروم کی صفائی کردی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چور شوروم کی چوتھی منزل سے عمارت میں داخل ہوئے۔ اس کے لیے پہلے انھوں نے اس منزل کی چھت کا تالہ توڑا اور نیچے آنے کا راستہ بنایا۔ بعدازاں اسٹرانگ روم کی دیوار میں سوراخ کر کے سی سی ٹی وی کیمرے کے کنکشن بھی کاٹ دیے۔
دہلی مں بھوگل کے علاقہ میں واقع امراؤ جیولر کو چوروں نے پوری طرح سے خالی کردیا۔ مذکورہ جیولری شوروم میں ایک دو کروڑ کی نہیں بلکہ 20 سے 25 کروڑ روپے کی چوری کی گئی ہے۔
چور دیوار توڑ کر امراؤ جیولرز کے شوروم میں موجود لاکر تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی شام مالک نے شوروم کو بند کیا اور پیرکی چھٹی کے بعد صبح شوروم کھولا تو اس کے ہوش اڑ گئے۔
حیران کن واردات کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نظام الدین کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولس اور کرائم برانچ نے شو روم کے اندرسے شواہد حاصل کیے ہیں۔ پولیس شو روم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوروں تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔