بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے جس میں وہ بھارت سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے مداحوں کا انتظار ختم ہوگیا کیونکہ یش راج کے بینر تلے بننے والی بلاک بسٹر فلم ٹائیگر 3 کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔
ٹائیگر 3 کا ٹیزر آنجہانی ہدایت کار یش چوپڑا کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا ہے جبکہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض منیش شرما نے انجام دیا ہے۔
ٹیزر کا آغاز سلمان خان کی جھلک سے ہوتا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ میرا نام اویناش سنگھ راٹھور ہے پر آپ سب کے لیے میں ٹائیگر ہوں، 20 سال بھارت کی خدمت کرنے کے بعد کیا ٹائیگر کو کریکٹر سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے؟ کیا ٹائیگر غدار ہے؟ یا ٹائیگر ایک محب وطن ہے؟
سلمان خان کو ٹیزر میں یہ ڈائیلاگ بولتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ ‘جب تک ٹائیگر مرا نہیں، تب تک ٹائیگر ہارا نہیں’.
ٹیزر دیکھ کر مداحوں کو اب فلم کی ریلیز کا بےصبری سے انتظار ہے۔
واضح رہے کہ میگا ایکشن اور تھرلر فلم میں سپر اسٹار سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نظر آئیں گے اور اسے دیوالی کے موقع پر ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔