بھارت پہنچنے پر افتخار احمد کی ویڈیو وائرل ہوگئی

افتخار احمد

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد کی بھارت پہنچنے پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے گزشتہ روز بھارت پہنچی، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال پر قومی کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قومی ٹیم نے پریکٹس سیشن کا آغاز کردیا ہے اور گرین شرٹس کل وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل آئیں گے۔

پاکستانی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 10 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، 14 اکتوبر کو پاکستان کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہوگا۔

تاہم گزشتہ روز بھارت پہنچنے پر آل راؤنڈر افتخار احمد نے ایکس پر اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ’وکٹری‘ کا نشان بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

افتخار احمد نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں انڈیا اور کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

آل راؤنڈر کی ویڈیو کو لاکھوں کی تعداد میں صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس پر کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے پانچ میچز میں افتخار احمد نے 146 رنز اسکور کیے تھے جس میں نیپال کے خلاف 109 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

افتخار احمد 72 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 5 نصف سنچری اور ایک سنچری کی مدد سے 1347 رنز بناچکے ہیں۔