لاہور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ قوم کی امید اور تعمیر و ترقی کی تعبیر نواز شریف ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہر وعدے کی تکمیل اور پاکستان کی روشن تقدیر نواز شریف ہیں، عوام کو مہنگائی اور مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نواز شریف ہیں۔
’نوجوان کے روشن مستقبل اور ترقی کا ضامن نواز شریف ہے۔ مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نواز شریف دلا سکتے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نواز شریف کریں گے۔ عوام کے منتخب وزیر اعظم نواز شریف ملک و قوم کیلیے تاریخی کردار ادا کریں گے۔‘
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی لیکن ہر بار ان کو نہیں ترقی کے عمل کو روکا گیا، ان کی کوششوں سے چین نے سی پیک کی صورت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کو کام کرنے دیا جائے تو مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہو جائیں گے، ان کو اقتدار کی نہیں بلکہ عوام کو مسائل سے نجات کیلیے ان کی ضرورت ہے، نواز شریف پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، وہ ہی قوم کو متحد کر کے ریلیف دے سکتا ہے۔
(ن) لیگی رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے پنجاب کے ڈویژن اور اضلاع کے صدور و سیکرٹری جنرل کے اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس میں سابق وزیر اعظم کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں یوتھ کوآرڈی نیٹرز اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ چیف آرگنائزر نے نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی اور عوام میں جوش و جذبے کا خیر مقدم کیا۔