برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو ہزیمت کا سامنا، ویڈیو سامنے آگئی

برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو گرودوارے میں داخلے سے روک دیا گیا

کینیڈا میں خالصتان حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجے کے قتل کے بعد برطانیہ میں بھارتی حکام کو ہزیمت کا سامنا کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلاسگو میں بھارتی ہائی کمشنر دورائی سوامی کو گرودوارے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ دورائی سوامی جب وہاں پہنچے تو سکھوں نے ان کو گاڑی سے اترنے ہی نہیں دیا جس پر انہیں واپس لوٹنا پڑا۔

سکھ رہنماوں کا کہنا ہے کہ جو کچھ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے ساتھ کیا گیا اس پر ہر سطح پر بھارتی حکام کا بائیکاٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر سخت ناراض ہیں اور یہی وجہ بھارت اور برطانیہ کے مابین تعلقات کو مستحکم ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔

ادھر انسٹاگرام پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص گرودوارہ کمیٹی کے ساتھ بحث میں مصروف ہے جبکہ کمیٹی کا رکن اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کرتا ہے۔

ویڈیو میں آگے دیکھا گیا کہ دو افراد بھارتی ہائی کمشنر کی گاڑی کے پاس جا کر اندر سے بند گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرتے ہیں۔

بھارت نے ہائی کمشنر کو گرودوارے میں داخلے سے روکنے کا معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔