آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور کس ہمسائے کا ہاتھ ہو سکتا ہے وہ سب جانتے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میانوالی میں کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردی کا حملہ ناکام بنائے جانے کے بعد اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردی سے متعلق انٹیلی جنس پیشگی اطلاعات پر پولیس پہلے ہی الرٹ تھی اس لیے جیسے ہی دہشتگرد حملہ آور ہوئے پولیس فوری حرکت میں آئی اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا جب کہ ایک زخمی ہوا ہے۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ برآمد ہوا۔ دیگر دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں پولیس روانہ ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ اس چوکی پر 2009 میں بھی حملہ ہوا تھا۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے آج یہ حملہ پسپا کیا ہے تو آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت کی کوشش کی گئی تو وہ بھی ناکام بنائی جائے گی جب کہ دہشتگردوں کی جیسے ہی شناخت ہوگی اس سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
میانوالی میں حملہ ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک، پولیس اہلکار شہید
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں حال ہی میں تسلسل سے ہونے والی دہشتگردی کی وارداتیں جو مستونگ، ہنگو کے بعد اب میانوالی میں ہوئی ہے ان میں درجنوں معصوم جانوں کی شہادت ہوئی۔ ان دہشتگرد واقعات کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ ملک میں دہشتگردی کے پیچھے جو محرکات ہیں اور ان واقعات میں کس ہمسائے کا ہاتھ ہو سکتا ہے وہ سب جانتے ہیں۔