متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ میں زائرین کی بسوں کو دھماکہ سے تباہ کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوردہشت گردی کے اس بدترین واقعہ میں عورتوں اوربچوں سمیت متعددافراد کے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کوجانے والے معصوم وبے گناہ اورنہتے زائرین کونشانہ بناناکھلی بربریت اورسفاکی اورظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ آخران معصوم اورنہتے زائرین نے کسی کاکیابگاڑاتھا، آخران کاکیاقصورتھاجوان معصوموں کو دہشت گردی کانشانہ بنایاگیا۔
الطاف حسین نے کہاکہ جو عناصر اس قسم کی دہشت گردی میں ملوث ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی کا نہ ہونااور دہشت گردی کے اس قسم کے واقعات کاتسلسل کے ساتھ جاری رہنا ریاست کی رٹ اورحاکمیت کے بارے میں سنجیدہ نوعیت کے سوالات کوجنم دیتاہے جن کاجواب ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری سے ہی دیاجاسکتاہے۔
الطا ف حسین نے مطالبہ کیاکہ دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کوفی الفورگرفتارکیاجائے اور ان عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے، الطاف حسین نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیا، جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی اورزخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاکی۔