پیوٹن نئی مسجد بنانے پر رضامند

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن دارالحکومت ماسکو میں ایک نئی مسجد کی تعمیر کے لیے رضامند ہو گئے۔

روسی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے چیچن سربراہ رمضان قادروف کی ماسکو میں نئی مسجد کی تعمیر کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز پر اتفاق کر لیا ہے۔

چیچن سربراہ نے ماسکو میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے سبب ایک نئی مسجد تعمیر کرنے کی تجویز پیوٹن سے ملاقات میں پیش کی تھی۔

صدر پیوٹن نے ماسکو شہر کے جنوبی بوتوو میں ایک نئی مسجد بنانے کی ہامی بھر لی ہے۔

صدر پوتن کا ماسکو میں ایک نئی مسجد کی تعمیر کی تجویز سے اتفاق

رمضان قادروف نے پیش کردہ تجویز کو تسلیم کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ صدر نے دارالحکومت میں نئی مسجد کی تعمیر کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ماسکو میں مسلمانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عمومی مشاہدہ میں آیا ہے کہ مذہبی تہواروں اور نماز جمعہ میں کثیر تعداد کے باعث نمازیوں کے لیے جگہ کی کمی کا مسئلہ درپیش آتا ہے۔