میرے بیٹے کو پھانسی دی جائے، باپ کا مطالبہ

اُجین: مدھیہ پردیش کے شہر اُجین میں عصمت دری کے افسوس ناک واقعے میں ملوث ملزم کے باپ نے عدالت سے بیٹے کے لیے پھانسی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت بھر کو ہلا کر رکھ دینے والے ’اُجین ریپ کیس‘ میں ملوث رکشہ ڈرائیور بھرت سونی کے والد راجو سونی نے شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیٹے کے لیے موت کی سزا کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اجین میں گزشتہ ہفتے ایک 12 سالہ بچی کو ایک آٹو ڈرائیور نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زخمی حالت میں ایسے ہی چھوڑ دیا تھا، وہ برہنہ حالت میں لوگوں سے مدد مانگتی رہی لیکن لوگ اسے بھگاتے رہے۔

لڑکی کو زیادتی کا شکار بنانے والے درندے بھرت سونی کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ’’وہ لڑکی میری بیٹی ہو سکتی تھی، ہم شرم سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں، میری کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ اس صورت حال میں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ اگر میں اپنے بیٹے کی جگہ ہوتا تو جرم قبول کر لیتا اور سزا بھی قبول کر لیتا۔‘‘

راجو سونی نے جمعرات کو اجین ریپ کیس میں گرفتار اپنے بیٹے بھرت سونی کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا ’’یہ ایک شرمناک حرکت ہے، میں بیٹے سے ملنے اسپتال گیا ہوں اور نہ ہی پولیس اسٹیشن یا عدالت جاؤں گا، میرے بیٹے نے جرم کیا ہے، اس لیے اسے پھانسی دی جانی چاہیے۔‘‘

ادھر اجین بار کونسل کے صدر اشوک یادو نے وکلا سے اپیل کہ اس واقعے سے مندر شہر کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، اس لیے وہ ملزم کا کیس نہ لڑیں۔