پی ایس او کو واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے نئی مشکل میں پڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس او نے پی آئی اے کو لاہور ایئرپورٹ پر فیول کی فراہمی معطل کر دی جس سے پروازیں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔
لاہور سے مدینہ جانے والی پروازپی کے747کو فیول فراہم نہیں کیا گیا۔ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے305 کو فیول فراہم نہیں کیا گیا۔
پرواز کی روانگی میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر مسافروں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فیول کی فراہمی سے متعلق پی ایس او سے مذاکرات جاری ہیں۔
دوسری جانب ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے نے گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی سوئسپورٹ کو لاکھوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کیے تھے، جس پر کمپنی نے پی آئی اے پرواز کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس بند کر دی تھی۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کی شکایت پر ٹورنٹو سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 790 کو روکا گیا تھا، اور پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی، مسافروں کی بورڈنگ کا عمل بھی رک گیا تھا۔