نواز شریف کی وطن واپسی سے عوام میں نئی امید جاگی ہے، شہباز شریف

این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے عوام میں ایک نئی امید، حوصلہ اور امنگ جاگی ہے۔

شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے امور بھی زیرِ غور آئے۔ پارٹی رہنماؤں نے 21 اکتوبر کیلیے تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔

ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ہر بار نظام بہتر بنایا بہتر چلایا اورعوام کو اس بہتری کا ثمر ملا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں یہ حالات کیوں ہیں اس کا جواب 2018 سے 2022 کا دور ہے۔

قبل ازیں لدھڑ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کو بھارت سے آگے لے جانے کیلیے وطن واپس آ رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی، نواز شریف کو اقتدار سے علیحدہ نہیں کیا بلکہ آپ کے بچوں کو تعلیم و صحت کی سہولتوں سے الگ کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کو منظور ہوا تو نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آ رہے ہیں، وہ ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنے آ رہے ہیں، وہ انتقام لینے نہیں بلکہ پاکستان کیلیے آ رہے ہیں، وہ اس ملک کو دوبارہ خوشحال اور ترقی دینے کیلیے آ رہے ہیں۔