’مائی ری‘ کے حساس موضوع کو کس طرح‌ پیش کیا گیا؟ عینا اور ثمر نے بتادیا

مائی ری

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار ثمر عباس جعفری اور عینا آصف نے حساس موضوع پر اداکاری سے متعلق بتا دیا۔

اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں‘ میں اداکارہ عینا آصف اور ثمر عباس جعفری نے شرکت کی اور ’مائی ری‘ سے متعلق اظہار خیال کیا۔

ثمر جعفری نے بتایا کہ ’ڈرامے کی ٹیم اور ڈائریکٹر کے بغیر ہم کچھ نہیں کرسکتے تھے، ڈرامے میں کچھ مواقع ایسے تھے جہاں بہت ہی حساس موضوع تھے جسے ہم نے بہت عمدگی سے ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ڈرامہ جیسے جیسے آگے بڑھا تو لوگوں کو سمجھ آنے لگی کہ ہم کیا پیغام دینا چاہ رہے ہیں، ڈائریکٹر میثم نقوی نے شوٹنگ کے دوران بہت ساتھ دیا۔

عینا آصف نے کہا کہ ڈرامے کی کامیابی کا سارا کریڈٹ میثم نقوی کو جاتا ہے وہ ہمیشہ اداکاروں کی طرح ٹریٹ نہیں کرتے تھے بلکہ وہ ہمیں اپنے گھر والوں کی طرح سمجھتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر ہمیں کوئی مسئلہ ہوتا تھا تو ہم میثم بھائی کے پاس جاتے تھے اور انہیں بتاتے تھے، وہ ہماری بات سنتے تھے اس پر عمل بھی کرتے تھے۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں عینا آصف (عینی)، ثمر عباس (فاخر)، نعمان اعجاز (ظہیر)، ماریہ واسطی (ثمینہ)، مایا خان (عائشہ)، رمہا احمد (آمنہ)، ساجدہ سید، حبا علی خان، پارس منصور، عثمان مظہر، آمنہ ملک، بسمہ بابر ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مائی ری کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ثنا فہد نے لکھی ہے۔