آرمی چیف نے کہا جو اسمگلنگ میں ملوث ہوا اس کا کورٹ مارشل ہوگا، جان اچکزئی

آرمی چیف نے کہا جو اسمگلنگ میں ملوث ہوا اس کا کورٹ مارشل ہوگا، جان اچکزئی

کراچی: بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا جو اسمگلنگ میں ملوث ہوا اس کا کورٹ مارشل ہوگا۔

جان اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تارکین وطن کا جانا یہ ریاست کی پالیسی ہے ان کو باعزت طریقے سے اپنے وطن بھیجیں گے، ریاستی پالیسی پر کوئی بھی پریشر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

نگراں وزیر نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال تک افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کیا، افغان باشندے جرائم میں ملوث ہیں، ہم نے جن کو پناہ دی وہ احسان فراموشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمسائے پاکستان میں مداخلت سے گریز کرے، ہر صورت میں ڈیڈ لائن تک واپس بھیجا جائے گا، مجھے امید ہے کہ افغان حکومت ساتھ دے گی، چمن بارڈر سے 500 خاندان افغان جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں غلطیاں ہوئی اب ان غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے، تارکین وطن کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کو اجازت نہیں دیں گے، کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہزاروں روپے لے کر لوگوں کے جعلی شناختی کارڈ بنائے جاتے تھے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کو سرمایہ کاری کے حوالے سے دوست ملک بنانا ہے، ان پالیسیوں کا افغان حکومت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، ہائی لیول پر فیصلہ کیا گیا ہے جو غلط کام کرے گا ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نے کھل کر کہا ہے جس کی شکایت آئے گی ان کے خلاف کارروائی ہوگی، جو بھی حکومت آئے گی اس پالیسی کو جاری رکھے گی۔