غزہ کی ناکہ بندی، اسرائیل نے فلسطینیوں کے لیے خوراک، پانی بند کردیا

غزہ کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی، اسرائیل نے فلسطینیوں کے لیے خوراک اور پانی بند کردیا ہے۔

غزہ میں موجود صحافی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی، غزہ کے شہریوں کے لیے خوراک اور پانی بند کردیا گیا ہے۔

غیرملکی صحافی کا کہنا تھا کہ یواین اسکولوں میں ہزاروں فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کو بجلی، پانی اور خوراک کے بغیر دیکھا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے باقاعدہ پیغامات دیے گئے ہیں کہ اپنے گھروں کو چھوڑ دیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے یواین اسکول بھی محفوظ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ روم میں موجود اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے اتوار کے روز غزہ تک خوراک پہنچانے کے لیے انسان دوست راہداریوں کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔

حماس کے مہلک حملوں کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کو حملوں کا نشانہ بنایا ہے، فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، بچوں اور خاندانوں سمیت عام شہریوں کو خوراک تک رسائی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔