اسرائیلی بمباری میں اقوام متحدہ کے 9 کارکن ہلاک

اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں پر جاری وحشیانہ بمباری کے نیتجے میں اقوام متحدہ کے 9 کارکن ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی فلاح کیلیے کام کرنے والی تنظیم کے 9 کارکن ہلاک ہوئے۔

ایجنسی کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے مطابق جنگ میں عام شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انہیں جنگی قوانین کے تحت ہر حال میں تحفظ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غزہ میں ہمارے کارکنوں کے گھروں پر بمباری میں 9 لوگ مارے گئے۔ ان کے مطابق تنظیم کے 18 اسکولوں کو پناہ گاہوں میں تبدیل کیا گیا تھا جنہیں بمباری میں تباہ کر دیا گیا۔

کمونکیشن ڈائریکٹر نے بتایا کہ غزہ میں ہمارے ہیڈکوارٹر کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے لیکن خوش قسمتی سے وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔