قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ بھارت میں کھیلنے سے متعلق سعید انور کی بات بالکل درست ثابت ہوئی۔
پی سی بی کے ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ انہیں سعید انور نے مشورہ دیا تھا کہ بھارتی وکٹوں کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ لیجنڈ کرکٹر سعید انور نے بھارت میں بہت رنز بنائے ہیں اور میچ سے متعلق سعید انور سمیت تمام پلیئرز سے بات کی تھی۔
رضوان کے مطابق سعید انور نے ان سے کہا تھا کہ اپنے پلان کے مطابق کھیلو کامیابی ملے گی، بھارتی وکٹوں کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں۔
دوسری جانب محمد رضوان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ بنی پارٹنر شپ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ کو کہا تھا اسکور بورڈ نہ دیکھو اپنا گیم کھیلو، پلان تھا کہ پہلے 20 اوورز میں100رنز بنانے ہیں ،عبداللہ کی اننگز شاندار تھی جس کی وجہ سے کامیابی ملی۔
دوسری جانب عبد اللہ شفیق نے کہا کہ تمام ٹیم کی سپورٹ تھی اس لیے کامیابی ہوئی،کافی عرصے سے موقع ملنے کا انتظار کررہا تھا، اللہ کا شکر کہ پرفارمنس ایسی ہوئی کہ ہم میچ بھی جیتے۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں وکٹیں گرنے سے پریشر آگیا تھا لیکن رضوان ایسی صورت حال کا سامنا پہلے بھی کرچکے ہیں، رضوان نے ہی پلان کیا کہ پارٹنر شپ لگانی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز سری لنکا کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کی، پہلے میچ میں گرین شرٹس نے نیدرلینڈز کو زیر کیا تھا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ 14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف احمد آباد میں کھیلے گی۔