گوادر: بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے گھر میں سوئے ہوئے چھ مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق ت بلوچستان کے علاقے تربت کیچ میں سیٹلائٹ ایریا میں 6 مزدور کے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ تربت کے علاقے کیچ میں مقامی ٹھیکیدار نصیر کے گھر میں سوئے ہوئے مزدوروں پر دہشت گردوں نے اندھا دھند گولیاں برسادیں اور فرار ہوگئے۔
واقعے میں 6 مزدور جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے ، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مزدور تعمیراتی کام کے لیے تربت آئے تھے، جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا ہے تاہم پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تربت میں فائرنگ سے جاں بحق 6 میں سے 4 افراد ایک ہی خاندان کے تھے، جاں بحق افراد میں 2 سگے بھائی، ایک کزن اور ماموں شامل ہیں۔
نگران وزیرداخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے تربت میں 6 افراد کےقتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنراورایس ایس پی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
صوبائی وزیرداخلہ نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو اسپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر پہلو سے تفتیش کرکےملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کیا جائے اور ملزمان کو قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔
وزیر داخلہ میر زبیر جمالی نے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔