’بابر اعظم پاکستان کا سچن ٹنڈولکر بنے گا‘

سابق پاکستانی کرکٹرز نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بابر اعظم پاکستان کرکٹ کا بڑا کھلاڑی ہے اور وہ اپنی صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کا سچن ٹنڈولکر بنے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں میزبان نجیب الحسنین سے گفتگو کرتے ہوئے سابق مڈل آرڈر بیٹر باسط علی نے کہا کہ بابر اعظم بہت بڑا پلیئر ہے اور وہ اپنی کارکردگی کی بدولت پاکستان کا سچن ٹنڈولکر بنے گا۔

باسط علی نے مزید کہا کہ شاید ہمارے پرانے کھلاڑیوں کو بُرا لگے لیکن پاکستان میں اس سے اچھا بیٹر نہیں آیا۔ بے شک یونس نے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز کیے۔ انضمام الحق، جاوید میانداد، محمد یوسف اور ظہیر عباس سمیت کئی بڑے نام ہیں لیکن بابر اعظم کی جو کلاس ہے اس کا کوئی متبادل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس وقت یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ ٹیم کی قیادت میں بہت ڈیپ میں چلا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی بیٹنگ پر دھیان نہیں دے پا رہا ہے لیکن اس نے بھارت کے خلاف 50 رنز کر لیے اب اس کی باری شروع ہو گئی ہے اور آپ اس کو آگے رنز کرتا دیکھیں گے۔

اس موقع پر سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ بے شک بابر بہت بڑا پلیئر ہے اس جیسا اعتماد اس کے کسی ساتھی کھلاڑی میں نہیں مسئلہ صرف یہ ہے کہ اس کو اپنے پارٹنرز سے سپورٹ نہیں مل رہی ہے۔

 

سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بڑے بڑے بیٹر آئے لیکن گرین شرٹس کی پہچان دنیائے کرکٹ میں بولرز ہی رہے۔ بابر اعظم واحد بلے باز ہے جس نے بطور بیٹر پوری دنیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو نئی شناخت دی آج دنیا بھر میں اس کو ڈسکس کیا جاتا ہے۔