نگران وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر گفتگو

انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ

بیجنگ : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لئے چین میں موجود ہے۔

جہاں وزیراعظم کی فورم میں شریک عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں جاری ہے، وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عالمی و علاقائی امور پر گفتگو کی ، وزیراعظم نے انتونیوگوتریس کا سیلاب متاثرین کی مددوبحالی عمل میں خصوصی دلچسپی پرشکریہ اداکیا۔

ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ، وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم بند کرانے میں کردار ادا کرے۔

انوار الحق کاکڑ نے روس، سری لنکا، قازقستان اور کینیا کے صدور سے بھی اسرائیل فلسطین تنازع پر تبادلہ خیال کیا اور کہا غزہ میں اسپتال پر اسرائیل کی بمباری کو دنیا جنگی جرائم کے طور پر دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے قازقستان کے صدر سے ملاقات میں روابط، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال سمیت پاکستان قازقستان کے مابین تجارت اورتوانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔